نئی دہلی،10مارچ(ایجنسی) دھوکہ دہی کرنے اور جھوٹے اشتہارات دکھانے والے بلڈروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی غرض سے رگولیشن اور خصوصی عدالت قائم کرنے والے تاریخی ریئل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) بل 2015 کو راجیہ سبھا نے آج صوتی ووٹ سے منظور ی دیدی۔
اس بل پر تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہی بحث کا
جواب دیتے ہوئے شہری ترقی کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے بلڈروں اور ڈیولپرز پر روک لگائی جا سکے گی اور طے شدہ میعاد کے اندر اندر گاہکوں کو مکان مل پائیں گے لیکن قانون پر عمل نہ کرنے والے بلڈروں کو پہلے متنبہ کیاجا ئیگا ، پھر ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور پھر بھی انہوں نے قانون پر عمل نہیں کیا تو انہیں تین سال کی سزا دیے جانے کا بھی التزام ہو گا۔